7-year-old boy killed after rape – May 24, 2017

صفدر آباد: زیادتی کے بعد قتل ہونیوالا فیضان سپردخاک‘ وزیراعلیٰ کا ملزم کی گرفتاری کا حکم

صفدرآباد، پھلروان چوک (نامہ نگاران) دو روز قبل زیادتی کے بعد قتل ہونیوالے 7 سالہ فیضان کو سپردخاک کردیاگیا، وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیدیا۔ مرکزی صدر انجمن تاجران کی اپیل پر شہر میں شٹرڈائون کیا گیا اور عوام نے زبردست احتجاج کیا۔ دو روز سے لاپتہ ہونے والے فیضان جمیل کی نعش نہر کے قریب کھیت سے برآمد ہوئی۔ فیضان جمیل کی نعش دیکھ کر ہر شخص آبدیدہ ہو گیا۔ ملزم نے وحشیانہ طریقے سے معصوم فیضان جمیل کو زبردست تشدد کے بعد قتل کیا تھا۔ تجہیزوتکفین کے بعد فیضان جمیل کا جنازہ اٹھایا گیا تو لوگ دھاڑیں مار کر رونے لگے۔ نماز جنازہ کے بعد ننھے مقتول فیضان جمیل کو آہوں، سسکیوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صفدرآباد کے 7سالہ فیضان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رانا محمد ارشد نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ میں نے وزیراعلیٰ کو اس واقعہ سے مطلع کیا تو انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔انشا اللہ فیضان کے قاتل خواہ کوئی ہواپنے انجام کو ضرور پہنچے گا۔ علاوہ ازیں مرکزی صدر انجمن تاجران کی اپیل پر تاجروں نے تمام کاروباری مراکز بند کر کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کردی۔ مظاہرین نے سخت نعرہ بازی کی اورقاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین سے مرکزی انجمن تاجران کے صدر حاجی فیض الرسول قمر نے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ سے کہا کہ یہ نہایت دلخراش واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بچے کے قاتلوں کی گرفتاری تک ہم آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ڈی ایس پی رانا جمیل احمد نے کہا کہ ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خاں ورک نے میری نگرانی میں ایس ایچ او کی قیادت میں قاتلوں کی گرفتاری کے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی، بہت جلد ملزمان گرفتار ہوں گے۔